مودی حکومت ریاستی اداروں اور گورنروں کو اپوزیشن کیخلاف بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے، یشونت سنہا
بنگلورو04جولائی (کے ایم ایس)
بھارت میں صدارتی انتخابات کیلئے حزب اختلاف کی جماعتوں کے متفقہ امیدوار یشونت سنہا نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت بھارتی تحقیقاتی اداروں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، سی بی آئی اور الیکشن کمیشن کے علاوہ ریاستی گورنروں کو اپوزیشن کے خلاف ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یشونت سنہا نے جو سابق وزیر اور حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق لیڈر بھی ہیں بنگلورو میںکانگریس قانون ساز پارٹی کے ایک اجلاس کے دوران کہاکہ گزشتہ آٹھ برس کے دوران برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ملک کی جمہوری اور سیکولرشناخت پر حملہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بھارت کے کثیر المذہبی سماج کو تقسیم کرنے کیلئے زہریلا فرقہ وارانہ پروپیگنڈہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پربھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے نبی آخرالزمان حضرت محمد ۖ کے بارے میں توہین آمیز تبصرے پر بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی سخت سرزنش کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے کارکن عدالت عظمیٰ کی سوشل میڈیاپر ٹرولنگ کر رہے ہیں۔یشونت سنہا نے ایک بار پھر واضح کیا کہ مودی حکومت کی نظر میںآئین کے وفاقی ڈھانچے کا کوئی احترام نہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، سی بی آئی، الیکشن کمیشن اورحتیٰ کہ ریاستی گورنروں کو بھی اپوزیشن کے خلاف ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہی ہے ۔