مودی حکومت اپنا طرز عمل ٹھیک کرے ، ”ٹچ می ناٹ“رویہ دنیا کو قابل قبول نہیں :سلمان خورشید
نئی دہلی 11جولائی (کے ایم ایس)کانگریس کے رہنما اورسابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے فیکٹ چیک کرنے والے صحافی محمد زبیر کی گرفتاری پر جرمنی کی تنقید کے پس منظر میں نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ”ٹچ می ناٹ“ کا رویہ ترک کرے کیونکہ اس سے بھارت تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت ریاستی قوانین کا بے دھڑک استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا جائے جو ”ہر بات پر بولنے کا شوق“رکھتے ہیں وہ اتحاد کی بات کیوں نہیں کرتے؟ سلمان خورشید نے مےڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی خاموش وزیر اعظم نہیں ہیںبلکہ وہ بولتے ہیں لیکن اتحاد پر نہیں بولتے۔ انہوں نے کہا کہ مودی یہ کیوں نہیں کہتے کہ آئیے اکٹھے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم تقسیم رہے تو یہ ملک کامیاب نہیں ہو سکتا ۔زبیر احمد کی گرفتاری اور اختلاف رائے کو دبائے جانے کے معاملے پرسلمان خورشید نے کہا کہ بھارت میں آزادانہ طور پر بات کرنامشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں فوری طور پر ضمانت نہیں ملتی، اگر سب کو سپریم کورٹ جانا پڑے یہ ایک تشویشناک بات ہے۔ زبیر کی گرفتاری پر جرمنی کی تنقید اور فیکٹ چیک کرنے والی کارکن تیستا سیتلواڑ کے خلاف کارروائی پر ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں ہمیں دنیا کی شرائط کے مطابق جینا ہوگا جس میں ہم خود اپنا حصہ ڈالتے ہیں اور اگر کہیں کچھ خوفناک ہوتا ہے تو ہمیں یہ کہنے کا اتنا ہی حق ہے کہ یہ غلط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اکیلا نہیں رہ سکتا ، ہم ایک اجتماعی دنیا میں رہتے ہیں اور ایک اجتماعی دنیا میں ہمیں حساس ہونا پڑے گا کہ دوسرے لوگ ہماری کارکردگی کو کس طرح دیکھتے ہیں۔