مودی حکومت فوجیوں کو پنشن سے محروم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے : راہول گاندھی
نئی دلی 12جولائی (کے ایم ایس )
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے بھارتی فوجیوں کو پنشن سے محروم کرنے کی مودی حکومت کی پالیسی پر کڑی تنقید کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کئی سابق فوجیوں کو اپریل کے مہینے کی پنشن ابھی تک نہ ملنے سے متعلق ایک خبر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کارویہ فوجیوں کے مفادات پر حملے کے مترادف ہے اور ون رینک ون پنشن (او آر او پی)سے انکار کے بعد اب فوجیوں کو ان کی پنشن سے محروم کرنے کی پالیسی پرکام کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کا رویہ فوج مخالف ہے اور وہ فوجیوں کے مفادات کو کچلنے کی بار بار کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ”ون رینک ون پنشن’ کے دھوکے کے بعد مودی حکومت اب ‘آل رینک نو پنشن’کی پالیسی پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فوج کی توہین ملک کی توہین ہے ۔ سابق فوجیوں کو جلد از جلد پنشن دینی چاہئے ”۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا ہے کہ مودی حکومت طویل عرصے سے ملک کی مسلح افواج پر منصوبہ بند حملہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کا یہ مسلح افواج کے مفادات پر نہ توپہلا حملہ ہے اور نہ ہی آخری ۔