مقبوضہ کشمیر :بھارتی فورسز نے سرینگر شہر میں سکیورٹی مزید سخت اور تلاشیوں کا سلسلہ تیز کر دیا
سرینگر14 جولائی (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے سرینگر شہر میں سکیورٹی مزید سخت اور تلاشیوںکا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منگل کی شام سرینگر کے لال بازار میں ایک حملے میں پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہونے کے بعد بھارتی فوجیوںاور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری کو شہرکے متعد د علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ قابض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گاڑیوں اور لوگوں کی تلاشیوں کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے ۔بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ پہننے اسالٹ رائفلوں سے لیس بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس اور پولیس کے اہلکار سرینگر میں متعدد مقامات پرلوگوں اور گاڑیوں کی تلاشیاں لے رہے ہیں اور ان کی شناخت چیک کر رہے ہیں ۔بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی مشترکہ پارٹیوں نے مسافروں اور راہگیروں کی تلاشیوں کیلئے چوکیاں اور بلٹ پروف بنکر بھی قائم کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ فلائنگ اسکواڈز کے ساتھ اضافی سیکورٹی اہلکاروںکو لال چوک، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، ریگل چوک، ٹی آر سی چوک، پولو ویو اور سٹی سینٹر کے قریبی علاقوں میں تعینات کیاگیا ہے ۔
ادھر بھارتی فوجیوں نے سرینگر، کپواڑہ، بارہمولہ، گاندربل، بڈگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ، راجوری اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں اور لوگوں کو ہراساں اور خوفزدہ کیا ۔