محمد زبیر کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں بند کریں: سابق سرکاری ملازمین کا بھارتی اٹارنی جنرل کو خط
نئی دہلی 17 جولائی (کے ایم ایس)72 سابق بھارتی سرکاری ملازمین جو کانسٹوشنل کنڈکٹ گروپ (سی سی جی) نامی تنظیم کا حصہ ہیں نے ملک کے اٹارنی جنرل کو لکھے گئے خط میں ان سے بھارتی شہریوں کی ذاتی آزادیوں کے خلاف مقتدر حلقوں کی طرف سے غیر قانونی اوربلاجواز کارروائیوںکو روکنے کے لیے ذاتی مداخلت کی درخواست کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خطہ میں خاص طور پر صحافی اور فیکٹ چیکنگ سائٹ ”آلٹ نیوز“ کے شریک بانی محمد زبیر کی نظر بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہم آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت کو مشورہ دیں کہ وہ پولیس حکام کو ہدایت جاری کرے کہ وہ اپنے آزادی رائے کے حق کا استعمال کرنے والے شہریوں کے خلاف مزید کوئی کارروائی نہ کریں۔سابق ملازمین نے خط میں مزید لکھا کہ ہم آئین میں درج اقدار کے لیے پرعزم ہیں، ہم حالیہ واقعات سے بہت پریشان ہیں جو شہریوں کو آئین میں دی گئی آزادی پر کاری ضرب لگاتے ہیں۔
انہوںنے لکھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ لوگوں کو وہ آزادی فراہم کرنے کے لیے تیزی سے کام کریں گے جس کی ضمانت ہماری جمہوریت دیتی ہے.