بھارت :بہار میں تابکار مادے کے ساتھ 3افرادگرفتار
پٹنہ: بھارتی ریاست بہارمیں پولیس نے ضلع گوپال گنج سے تین افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کا تابکار مادہ برآمد کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکام نے بتایا کہ گوپال گنج پولیس نے محکمہ جوہری توانائی کے عہدیداروں کو بھی مطلع کیا ہے۔ حکام نے بتایاکہ پولیس نے جمعرات کے روز کچائی کوٹ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقے بلتھری میں ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا۔دوران تفتیش 50گرام تابکار مادہ کیلیفورنیم اور چار موبائل فون برآمد ہوئے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کیلیفورنیم کی جانچ کے لیے فرانزک ماہرین کو بھی بلایا گیا ہے۔ضلعی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ تابکار مادہ جوہری ری ایکٹر شروع کرنے، کوئلے پر چلنے والے بجلی گھروں کو بہتر بنانے، کینسر کے علاج اور تیل کی تلاش کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارت میں تابکار مادے کے ساتھ لوگوں کو گرفتارکیاگیا ہو بلکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں جن میں لوگوں کو تابکار مادے کی خریدوفروخت کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ماہرین بھارت میں اس مواد کی اتنی آسانی سے نقل وحمل کو انتہائی خطرناک قراردیتے ہوئے بھارت کے جوہری ہتھیاروں کی سکیورٹی پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اس طرح کے مواد کی خریدوفروخت ہوتی ہے جو علاقائی امن وسلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کی اس غیر ذمہ داری اوراس کے جوہری ہتھیاروں کی سکیورٹی کے ناقص نظام کانوٹس لینا چاہیے۔