بھارت

بھارت کے 15ویں صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری ہے

نئی دہلی18جولائی (کے ایم ایس) بھارت میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس(این ڈی اے)کی امیدوار دروپدی مرمو اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا ایکدوسرے کے مدمقابل ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پولنگ صبح 10بجے شروع ہوئی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سب سے پہلے ووٹ ڈالنے والوں میں شامل ہیں۔ ووٹنگ کا عمل شام 5بجے ختم ہوگا۔15ویں صدارتی انتخابات میں تقریبا 4,800منتخب ارکان پارلیمنٹ اورریاستوں کے ارکان اسمبلی ووٹ دینے کے حقدار ہیں تاہم نامزد کردہ ارکان پارلیمنٹ،ارکان اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ارکان ووٹ نہیں ڈال سکتے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے کمرہ نمبر 63 میںپولنگ سٹیشن قائم کیاگیا ہے، اس کے علاوہ تمام ریاستوں کی اسمبلیوں میں بیک وقت ووٹنگ ہو رہی ہے۔
دریں اثناء مقبوضہ جموں وکشمیرسے بھارتی پارلیمنٹ کے تمام 5اراکین نئی دہلی میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے کیونکہ صدارتی انتخاب کے لیے مقبوضہ علاقے میں کوئی پولنگ اسٹیشن قائم نہیں کیا گیا ہے کیونکہ وہاں اس وقت قانون ساز اسمبلی موجود نہیں ہے۔ نیشنل کانفرنس کے 3ارکان پارلیمنٹ فاروق عبداللہ، محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کو ووٹ دیں گے۔ بی جے پی کے ارکان جتیندر سنگھ اور جگل کشور شرما پارٹی کے نامزد امیدوار دروپدی مرمو کو ووٹ دیں گے۔ووٹوں کی گنتی 21جولائی کو بھارتی پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگی اور اگلے صدر 25جولائی کو حلف اٹھائیں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button