قابض انتظامیہ جامع مسجد،درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دے ، نیشنل کانفرنس
سرینگر21 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں نیشنل کانفرنس نے سرینگر میں تاریخی جامع مسجد اور درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر قدغن پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ کے اس اقدام سے نمازیوں کو شدیدمشکلات کاسامنا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سینئر صوبائی نائب صدر سید اخون نے ایک بیان میں کہاہے کہ قابض انتظامیہ سرینگر میں جامع مسجد اور درگاہ حضرت بل میں نمازیوں کو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہ دینے کے علاوہ علاقے میں جمعرات کی شام سے ہی بازاروں کو بھی بند کرادیتی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ قابض انتظامیہ کے اس اقدام کی وجہ سے مقبوضہ علاقہ جوپہلے ہی بدترین معاشی بحران کا شکار ہے میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثرہورہی ہے ۔سیداخون نے کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ کے اس اقدام سے کشمیری مسلمانوںکے مذہبی جذبات مجروح ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے انتظامیہ پرجامع مسجد اور درگاہ حضرت بل کے باہر واقع بازاروں میںمعمول کی کاروباری سرگرمیوںکی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔