اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تنازعہ کشمیر اٹھانے کے پاکستانی وزیر اعظم کے فیصلے کا خیرمقدم
سرینگر 21ستمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تنازعہ کشمیر اور کشمیری عوام کی حالت زار کا معاملہ اٹھانے کے پاکستانی وزیر اعظم کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ عالمی اسمبلی کو مقبوضہ جموں وکشمیر میںبین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینی چاہیے جن کی عکاسی کشمیریوں کے سیاسی ، معاشی ، تجارتی ، روزگار اور سفری حقوق پر پابندیوں کے حوالے سے مودی حکومت کی طرف سے جاری کردہ مختلف حکمناموں میں ہوتی ہے۔ ترجمان نے ایسے تمام اقدامات کی مذمت کی جن کے تحت مقبوضہ علاقے میں بیرونی لوگوں کو فوقیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کشمیری چاہے مردہو یا عورت خوف ودہشت کے ماحول میں رہتا ہے جو دس لاکھ کے قریب بھارتی فوجیوںنے قائم کررکھا ہے۔ ترجمان نے جموں و کشمیر کے عوام پر پولیس اور فوج کی طرف سے عائد کردہ تمام پابندیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی تنازعہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔