حریت وفد کا اسلام آباد میں لبریشن فرنٹ کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ
اسلام آباد 23جولائی(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساگر کی قیادت میں حریت رہنمائوں کے ایک وفد نے پریس کلب اسلام آباد کے سامنے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے بھوک ہڑلی کیمپ کا دورہ کیا جو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے کشمیری حریت رہنما اورجے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے لگایاگیا تھا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت وفد میں غلام محمد صفی، شیخ عبدالمتین، کشمیرلبریشن سیل کے سابق ڈائریکٹر ارشاد محموداوردیگر شامل تھے۔ حریت وفد نے محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جے کے ایل ایف کے رہنمائوں کو یقین دلایا کہ وہ محمد یاسین ملک پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور ان کی رہائی کے لئے مہم چلانے میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محمدیاسین ملک سمیت کشمیری رہنمائوں کی رہائی کی خاطر عالمی فورمز کو متحرک کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ آزاد جموں وکشمیر کے رہنما سلیم ہارون اوردیگر کارکنوں سے بھوک ہڑتالی کیمپ ختم کرنے کی اپیل کی جس کے بعد محمد یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے انہیں پانی پلاکر بھوک ہڑتال ختم کرائی۔ حریت رہنمائوں نے یاسین ملک اورغیر قانونی طوپر نظر بنددیگر کشمیری رہنمائوں اور نوجوانوں کی رہائی کے لیے بھرپور آواز اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔