تہاڑ جیل میں نظربند یاسین ملک کی بھوک ہڑتال تیسرے روز بھی جاری
نئی دہلی 24جولائی(کے ایم ایس)نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی بھوک ہڑتال آج تیسرے روز بھی جاری رہی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے عدالتی سماعتوں کے دوران منصفانہ ٹرائل اور عدالتی کارروائی میںذاتی طوپر پیش ہونے جیسے قانونی مطالبات پر زور دینے کے لیے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جمعہ 22 جولائی کو ہڑتال شروع کی تھی۔ یاسین ملک کے اہل خانہ اور ان کی پارٹی جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے علیل سربراہ کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہناہے کہ بھوک ہڑتال ان کی زندگی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے کیونکہ گزشتہ ساڑھے تین سال سے تہاڑ جیل میں قید تنہائی کے علاوہ مختلف عارضوںمیں مبتلا ہونے کی وجہ سے ان کی صحت پہلے ہی کافی حد تک خراب ہو چکی ہے۔جے کے ایل ایف کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور اور آزاد کشمیر کے علاوہ پوری دنیا میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے گئے ہیں خاص طور پر لندن، برمنگھم اور برسلز میں پارٹی کی جانب سے محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیمپ لگائے گئے۔ جے کے ایل ایف کے رہنمائوں اور کارکنوں کے علاوہ دیگر تنظیموں کے سیاسی قائدین، سول سوسائٹی کے ارکان اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے ہڑتال میں شرکت کی۔