مودی حکومت حریت رہنماؤں کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش
سرینگر27 جولائی (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنماؤں کو اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں حریت رہنماؤں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، پیرسیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جیل میں مناسب طبی سہولت اور معیاری غذا سمیت بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے نظر بند رہنمائوں کی صحت کو بہت زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بدترین بھارتی مظالم بھی حریت رہنماؤں کو اپنے جائز مقصد کے حصول کے لئے جدوجہدسے بازرکھنے میںناکام رہے ہیں اور وہ جاری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ تنظیم کے چیئرمین شبیر احمد شاہ مسلسل غیر قانونی نظر بندی کا عزم وہمت کے ساتھ سامنا کر کے بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شبیر شاہ اب تک مجموعی طو ر پر 36برس بھارتی جیلوں اور عقوبت خانون میں گزاچکے ہیں۔
دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے آج ضلع کولگام کے علاقے بریہارڈ کاٹھ پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی۔اس سے قبل اسی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران حملے میں ایک بھارتی فوجی شدید زخمی ہوگیاتھا۔
کشمیری صحافی آکاش حسن نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ نئی دہلی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیںبغیر کوئی وجہ بتائے سری لنکا جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا۔ آکاش نے کہا کہ وہ سری لنکا کی موجودہ صورتحال پر رپورٹنگ کے لیے جا رہے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور سینئر رہنما الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔ جے کے ایل ایف کے سربراہ کو نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میںجہاں وہ اپنے خلاف درج مقدمات میں غیر منصفانہ ٹرائل کے خلاف جمعہ سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر تھے، طبیعت بگڑنے کے بعدکل اسپتال منتقل کیا گیا ۔