نظربند کشمیری حریت رہنمائوں کے ساتھ روا غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت
سرینگر28جولائی (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر مسلم لیگ نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں کے ساتھ بھارتی حکام کے غیر انسانی سلوک کی شدیدمذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرا کی زیر صدارت سرینگر میں پارٹی کے ایک اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال پر غور کیاگیا ۔ اجلاس میں فاروق احمد توحیدی، فیروز احمد خان ،بشیر احمد بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکا نے غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما محمد یاسین ملک کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جنہیں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں طبیعت بگڑنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیاہے ۔ یاسین ملک نے ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات میں منصفانہ ٹرائل کا حق نہ دینے کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کرنے کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی ۔عبدالاحد پرا نے اس موقع پر کہا کہ یاسین ملک پہلے ہی مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں اور مسلسل غیر قانونی نظربندی کی وجہ سے انکی صحت بری طرح متاثرہوئی ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور عالمی اداروں بشمول ریڈ کراس، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ یاسین ملک اوردیگر حریت رہنمائوں بشمول کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو ، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، فاروق احمد ڈار ، محمد یوسف میر، محمد رفیق گنائی، شوکت حکیم، معراج الدین نندا، اسد اللہ پرے، مولوی سجاد، محمد یوسف فلاحی، عبدالصمد انقلابی اور غلام محمد بٹ کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔