سرینگر: محبوبہ مفتی کو ضلع اسلا م آبا د جانے سے روک دیا گیا
سرینگر 09اکتوبر(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازے کو تالا لگا دیا تاکہ انہیں ضلع اسلام آباد کا دورہ کرنے سے روکا جا سکے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے محبوبہ مفتی کو گھر سے باہر آنے سے روکنے کیلئے سرینگر کے علاقے گپکار میں واقع ان کی رہائش گاہ کے گیٹ کے باہر اپنی ایک گاڑی بھی کھڑی کر دی ہے ۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے مقبوضہ علاقے کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے ۔مقبوضہ وادی میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں شہریوں کے پے درپے قتل کے حالیہ واقعات کی وجہ سے وادی میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور یگر آزادی پسند تنظیموں نے کہا ہے کہ قتل کے ان بہیمانہ واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں تاکہ علاقے میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے درمیان خلیج پیدا کی جاسکے۔