سچ جیتے گا اورتکبر کی شکست ہوگی،راہل گاندھی کی مودی حکومت پر کڑی تنقید
نئی دلی 02اگست (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے خلاف سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ تکبر اور آمریت کے ذریعے سچائی کو دبایا نہیں جا سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے شیوسینا کے لیڈر سنجے راوت سے 16گھنٹے تک تفتیش کے بعد ان کی گرفتاری پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے خلاف سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی حکومت پر تنقید کرنے والوںکو خاموش رہنے کا پیغام دینا چاہتی ہے لیکن انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ تکبر اور آمریت جیت نہیں سکتی اور سچ کوخاموش کرانے کی ہر کوشش ناکام ثابت ہوگی۔راہل گاندھی نے مزید کہاکہ مودی حکومت سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے مخالفین کا حوصلہ پست اور انہیںسچ سامنے لانے سے روکنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ آخر میں سچ جیتے گا، اور تکبر کو شکست ہوگی۔