بھارتی سپریم کورٹ نے ایک اور غیر منصفانہ فیصلہ کے ذریعے انصاف کا قتل کردیا
ناگالینڈ میں 13شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف مقدمہ ختم کردیا
نئی دلی: مودی کے بھارت میں انصاف کی فراہمی ایک خواب بن کے رہ گیاہے۔مقبوضہ کشمیر سے لے کر ناگالینڈ تک بھارتی فوج ظلم و بربریت کی نت نئی مثالیں قائم کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مودی حکومت کے زیر اثر بھارتی سپریم کورٹ نے ایک اور غیر منصفانہ فیصلہ کرکے انصاف کا گلا گھونٹ دیاہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے 2021ناگالینڈ میں 13شہریوں کے قتل میں ملوث 30بھارتی فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی ختم کر د ی ہے۔4 دسمبر 2021کو ناگالینڈ کے ضلع مون میں 30بھارتی فوجیوں نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے 13نہتے شہریوں کو قتل کردیاتھا۔بھارتی پولیس نے ٹھوس ثبوت ہونے کے باوجود مقدمہ درج کرنے سے انکارکردیا تھا۔ناگالینڈ کے مظلوم عوام انصاف کی امید میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے منتظر تھے۔ لیکن سپریم کورٹ نے شہریوں کے قتل میں ملوث فوج کے 30اہلکاروں کے خلاف فوجداری کارروائی کو کالعدم قرار دے دیاہے۔مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے حکومت اور بالخصوص بھارتی فوج کی جانب سے اپنے شہریوں پر ظلم و زیادتیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔