05اگست کشمیر کی حالیہ تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،نعیم خان
نئی دلی5 اگست(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے5اگست کو کشمیر کیحالیہ تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن بھارت کی استعماریت کا آغاز ہے جو مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ا یک پیغام میں بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننے کا بھارتی اقدام مسلم اکثریتی ریاست کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی اس کی گہری سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے نے کہا کہ دفعہ 370 اور 35ـA کو منسوخ کرنا نہ صرف بھارتی آئین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دیگر بین الاقوامی معاہدوں کی روح کے بھی خلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ یکطرفہ اقدام بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی ڈھٹائی سے خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سنگین سیاسی اثرات کا حامل یہ خطرناک اقدام مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے اور کشمیریوں کو ان کے وسائل، ملازمتوں، شناخت، ثقافت، زمین اور سب سے بڑھ کر حق خود ارادیت سے محروم کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔نعیم احمد خان نے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو قبول نہیں کیا اور انہوں نے 5اگست 2019کی بھارتی کارروائی بھی یکسر مسترد کر دی ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے1947کے بعد سے کشمیر کے متنازعہ علاقے پر اپنے غیر قانونی کنٹرول کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ، ظالمانہ قوانین نافذ کیے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ تمام اقدامات کشمیریوں کو محکوم بنانے اور سیاسی اور جمہوری حقوق کے لیے لڑنے کی ان کی خواہش کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو اپنے لوگوں کو گمراہ کرنے کے بجائے زمینی حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے اور حق خود ارادیت کے عالمی تسلیم شدہ اصول کے مطابق تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھارتی توسیع پسندانہ عزائم کا موثر نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیاکشمیریوں کی پکار کا نوٹس لے اور انہیں انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔ نعیم احمد خان نے5 اگست کو بطور یوم استحصال منانے کی کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال کا اعادہ کرتے ہوئے کنٹرول کے دونوںاطراف اور دنیا بھرمیں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف اس روز بھر پور آواز اٹھائیں اور اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔