بھارتی مظالم اور میڈیا پرقدغن کے خلاف پی ڈی پی کا احتجاجی مظاہرہ
سرینگر28 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے سرینگر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم ، گرفتاریوں ، سیاسی رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی ،خوف وہراس اور سرکاری ملازمین کی جبری برطرفی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام نبی لون ہنجورا کی قیادت میں پی ڈی پی کے رہنمائو اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر کے باہر جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے پارٹی ہیڈ کوارٹر سے پولو ویو کی جانب مارچ بھی کیا تاہم بھارتی پولیس اہلکاروںنے انہیں روک دیا۔
مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ‘کشمیریوں کوہراساں کرنا بند کرو،آزادی صحافت کو بحال کرو،جبری نظربندیاںبند کرو،سیاسی قیدیوں کو رہا کرو،جموں و کشمیر میں نئے کالے قوانین کا نفاذ بند کرواورآنگن واڑی ورکرز کو بحال کرو’جیسے نعرے درج تھے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے غلام نبی لون نے کہاکہ ہم بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سروں پر مسلسل تلوار لٹکی ہوئی ہے اور مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی پر مسلسل قدغن نافذ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کوجبری طورپربرطرف کیاجارہا ہے ، میڈیا پر قدغن عائد ہے اور انہیں سچ لکھنے یا سچ سامنے لانے روکا جا رہا ہے اور صحافیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ سیاسی قیدی مسلسل جیلوں میں نظربند ہیں اور انہیں رہا نہیں کیاجارہاہے۔انہوںنے قابض انتظامیہ سے کہاکہ کیا یہ نارملسی ہے جس کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔