برطانیہ اور دنیا بھر میں کشمیری 26جنوری کو یوم سیاہ کے طورپر منائیں گے
لندن13 جنوری (کے ایم ایس)
تحریک کشمیر برطانیہ نے26جنوری کوبھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں و کشمیر پر اسکے غیر قانونی تسلط کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے برطانیہ او دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے لندن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ اور دنیا بھر میں کشمیری جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 26جنوری کو جب بھارت اپنا یوم جمہوریہ منارہا ہو گا تو اس کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیراور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اس دن کو بطور احتجاج یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری بھارت کی فسطائی حکومت کو جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کا اس کا وعدہ یاد دلانے کیلئے بھارتی سفارتخانے اور قونصل خانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔فہیم کیانی نے مزید کہا کہ کشمیر ی عوام عالمی برادری کو یاد دہانی کرائیں گے کہ بھارت کو اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ میں کئی پروگرام بھی منعقد کرے گی تاکہ متعلقہ ممالک کی حکومتوںپرکشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلانے کیلئے وہ اپنا اہم کردار ادا کرنے دبائو بڑھایا جاسکے۔