بھارت

قاتل بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے اپنے ہی ساتھیوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا

کولکتہ08اگست(کے ایم ایس)مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دبانے کے لیے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) جیسے کالے قوانین کی ڈھال نے بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو اس قدر بے لگام کر دیا ہے کہ اب انہوں نے بھارت کے اندر اپنے ہی ساتھیوں اورشہری آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیاہے۔
ایسا ہی ایک تازہ ترین واقعہ کولکتہ میں پیش آیا جہاں سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نے انڈین میوزیم کے احاطے میں فائرنگ کر کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو ہلاک اور ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ کو زخمی کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے کم از کم 15 گولیاں چلائیں۔ اسے کولکتہ پولیس نے گرفتار کیا ہے اور زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اے ایس آئی رنجیت کمار سارنگی دم توڑ گئے۔ اسسٹنٹ کمانڈنٹ سبیر گھوش کلائی پر گولی لگنے سے زخمی ہے۔ملزم نے فائرنگ کیوں کی اس کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔کولکتہ پولیس کے کمشنر ونیت کمار گوئل نے کہا کہ یہ ایک ہائی سیکیورٹی زون ہے کیونکہ ایم ایل اے ہاسٹل انڈین میوزیم کے ساتھ ہی واقع ہے۔ملزم اکشے کمار مشرا اپنی خودکار رائفل سے گولی چلانے کے بعد روپوش ہو گیاتھا۔ تقریبا ڈیڑھ گھنٹے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔انڈین میوزیم بھارت کا سب سے بڑا اور قدیم ترین عجائب گھر ہے اور اس میں نوادرات،پرانے ہتھیار اور زیورات، فوسلز، کنکال، ممیاں اور مغل دور کی تصاویر کا نادر ذخیرہ موجود ہے۔ سی آئی ایس ایف نے دسمبر 2019میں میوزیم کی سیکورٹی سنبھالی تھی۔اس واقعے نے وہ یادیں تازہ کر دیں جب رواں سال جون میں پارک سرکس میں کولکتہ پولیس کے ایک کانسٹیبل نے خود کو گولی مارنے سے قبل اپنی سروس رائفل سے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک خاتون راہگیر کو ہلاک اور دو دیگر افراد کو زخمی کر دیاتھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button