کیرالہ کے ایم ایل اے نے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کشمیر کا حصہ قراردیدیا
ترواننت پورم(کیرالہ) 12اگست (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کیرالہ کے سابق وزیر اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)کے ایم ایل اے کے ٹی جلیل نے بھارت پر کڑی تنقید اورپاکستان کی تعریف کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کو آزاد کشمیر کاحصہ قراردیا ہے ۔
کے ٹی جلیل نے ان خیالات کا اظہار مقبوضہ جموں وکشمیر کے اپنے حالیہ دورہ کے بعدسوشل میڈیا پرا یک پوسٹ میں کیا۔انہوں نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا: کشمیر کا وہ حصہ جو آزاد کشمیر کی شناخت سے پاکستان کے پاس ہے پر حکومت کا کوئی براہ راست اثر و رسوخ نہیں ہے ۔آزاد کشمیر کی صرف کرنسی اور فوجی مدد پاکستان کے کنٹرول میں ہے ۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر جموں کشمیر اور لداخ کے علاقوں پر مشتمل ہے ۔انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں آپ جہاں بھی دیکھیں آپ کو صرف ہتھیاروں سے لیس بھارتی فوجی نظر آئیں گے اور ایسا لگتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مسکرانا بھول گئے ہیں۔ دہائیوں سے کشمیر کا رنگ سبز رنگ کی فوجی وردیوں جیساہے،جہاں تمام سیاستدان گھروں میں قیدہیں، مہینوں سے سیاسی سرگرمیاں معطل ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی سرکار نے اپنے دوسرے دور حکومت میں کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کر دیااور مودی حکومت کے اس اقدام پر کشمیریوں کے ہروں پر غم و غصہ عیاں ہے۔انہوں نے سوال کیاکہ کیامودی حکومت کی طرف سے بھارتی آئین کی دفعہ 370کی منسوخی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب رہی؟ انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے کے لوگ آج بھی صورتحال معمول پر آنے کی امید کر رہے ہیں ۔ کے ٹی جلیل نے دفعہ 370کی منسوخی کے بارے میں کہا کہ کشمیری عوام اب بھی شدید غم و غصے میں ہیںجسے دور کرنے کیلئے مودی حکومت کو کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہتھیاروں کے ذریعے کبھی بھی لوگوں کے ذہنوں کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔KMS