بھارت نے طاقت کاوحشیانہ استعمال کرکے کشمیریوں کو جشن آزادی کی تقریبات میں شامل ہونے پر مجبور کیا: محبوبہ مفتی
سرینگر15اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور اس کے مقامی گماشتوں پر تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے 75ویں یوم آزادی پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو جشن آزادی کی تقریبات میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیاہے ۔
پی ڈی پی کی سربراہ نے ٹوئٹر پر بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ بھارتی جھنڈا جس چیز کے لئے کھڑاہے، وہ اب خطرے میں ہے۔تصویر میںجواہر لال نہرو بھارت اور جموں وکشمیر کے جھنڈوں کے درمیان کھڑے ہیں۔جموں وکشمیر کے جھنڈے کو1952میں آئینی طور پرمنظورکیاگیا تھا اور 2019میں بی جے پی کے انتشار پسند ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے اسے ختم کر دیا گیا۔انہوں نے5اگست 2019کودفعہ 370کی منسوخی کے بی جے پی کے یکطرفہ اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا اب ہر بنیادی قدر جس کے لیے بھارتی جھنڈا کھڑا تھا، خطرے میں ہے۔محبوبہ مفتی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک سرکاری ملازم دکانداروں کو ہر گھر ترنگا مہم کے لیے 20روپے دینے کی دھمکی دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔جموں و کشمیر کی انتظامیہ بے شرمی سے کشمیریوں کے بھارتی پرچم لہرانے پر فخر کرتی ہے۔ سچ یہ ہے کہ انہیں دھمکی دی گئی تھی کہ وہ ایسا کریں ورنہ نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ الحاق کے 75سال بعد بھارت نے یہاں کے لوگوں کو حب الوطنی کے دھارے میں شامل ہونے پر مجبور کرنے کے لیے اپنی تمام تر طاقت استعمال کی۔