روہنگیا مسلمانوں کو دہلی میں فلیٹس فراہم کرنے کا فیصلہ نہیں کیاگیا: بھارتی وزات داخلہ
نئی دہلی17اگست(کے ایم ایس) بھارتی وزارت داخلہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اس نے تارکین وطن روہنگیا مسلمانوں کو دہلی میں فلیٹس کی فراہمی کی ہدایت کی ہے ۔ وزارت نے اروند کیجریوال حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ انہیں حراستی مراکز میں رکھا جائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو ان کی ملک بدری تک حراستی مراکز میں رکھا جائے گا۔وزارت کے ترجمان نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کے بارے میں میڈیا کے کچھ حلقوں میں چلنے والی ان خبروں کے حوالے سے واضح کیا جاتا ہے کہ وزارت داخلہ نے نئی دہلی کے علاقے بکر والا میں روہنگیا مسلمانوں کو ای وی ایم فلیٹس فراہم کرنے کی کوئی ہدایت نہیں دی ہے۔اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ خیموں میں مقیم تقریبا 1,100روہنگیامسلمانوں کو جلد ہی دہلی کے فلیٹوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیاتھا جس کی صدارت دہلی کے چیف سکریٹری نے کی اور اس میں دہلی حکومت، دہلی پولیس اور وزارت داخلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی تھی۔حیرت کی بات یہ ہے کہ اب بھارتی وزارت داخلہ نے اس فیصلے سے خود کو الگ کر لیا ہے۔