مظفرآباد: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے مودی کے خطاب کے خلاف مظاہرہ
مظفرآباد25ستمبر ( کے ایم ایس)
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام بھارتی وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے نریندرہ مودی کے خطاب کیخلاف آزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظفر آباد کے برہانی مظفر وانی شہید چوک میں ہونے والے مظاہرے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں کی بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی جبر و استبداد کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فسطائی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ انہوںنے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، حریت رہنماءمشتاق السلام، آل پاکستان مسلم لیگ کے جاوید احمد مغل، پاسبان حریت کے سینئر وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، ڈاکٹر محمد منظور، محمد ایمل فرزام، قاری لالدین درانی اور دیگر نے کی۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے نریندرہ مودی کی تقریر دنیا کی امن اور انصاف پسند اقوام اور ممالک کیلئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کے نریندرہ مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی، وشوا ہندو پریشد ،راشٹریہ سیوک سنگھ اور دیگر ہندو انتہاءپسند دہشت گرد تنظیمیں کشمیریوں کی ثقافت ، تہذیب و تمندن اور انکی اسلامی شناخت مٹانے پر تلی ہوئی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ مودی کا جنرل اسمبلی سے خطاب انسانیت کی توہین ہے۔ مظاہرے کے شرکا ءنے برہان وانی شہید چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ کیا۔