بی جے پی کے ایک اور رکن اسمبلی کی طرف سے حضرت محمد ۖ کی شان میں گستاخی
حیدر آباد میں مسلمانوں کا زبردست احتجاج ، راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد23 اگست (کے ایم ایس)
بھارت میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک اور رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی طرف سے نبی آخر الزمان حضرت محمد ۖ کی شان میں گستاخی کے خلاف ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں مسلمانوں نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے ہیں ۔
ریاست کے حلقے گوشہ محل سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے خلاف مسلمانوں نے حیدر آبا د میں مختلف مقامات پر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ مظاہرین بی جے پی کے رکن اسمبلی کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے تھے ۔ شہر کے کئی پولیس اسٹیشنوں میں راجہ سنگھ کے خلاف شکایت بھی درج کرائی گئی ہیں۔مظاہرین نے حیدرآباد کمشنرپولیس کے دفترکے باہر زبردست احتجاج کیا ۔ پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں نظربند کر دیا ہے ۔ گزشتہ شب ٹی راجہ سنگھ کی گستاخانہ ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مسلمانوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی ۔ صورتحال کی سنگینی کے باعث حیدر آباد کے کئی حساس مقامات پرپولیس کے دستوں کوتعینات کردیاگیا ہے۔ شہر کے دبیر پورہ پولیس اسٹیشن میں بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے بھی ایک ٹی وی پروگرام میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖ کی شان میں گستاخی کی تھی جس کے بعد بھارت بھر میں زبردست مظاہروںکا سلسلہ شروع ہو گیاتھا۔