مقبوضہ کشمیر:ٹاڈا عدالت کی طرف سے روبیہ سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری
جموں23اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جموں کی ٹاڈا عدالت نے آج سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید کی بیٹی روبیہ سعید کے ایک مقدمے میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر سی بی آئی ایڈووکیٹ مونیکا کوہلی نے کہاہے کہ ایک مقدمے میں غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی طرف سے خود پرجرح کے لیے عدالت میں پیش نہ ہونے کیوجہ سے روبیہ سعید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ٹاڈا عدالت نے انہیں 21ستمبر کومقدمے کی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔مقدمے کی سماعت کے دوران محمد یاسین ملک ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے روبیہ سعید پر جرح کیلئے موجود تھے ۔ یاسین ملک دسمبر 1989 میں روبیہ سید کے اغواکا مقدمہ درج کیاگیا تھا اس وقت روبیہ کے والد مفتی محمد سعید بھارتی وزیر داخلہ تھے ۔اس سے قبل عدالت نے مقدمے میں یاسین ملک کی جسمانی طورپر پیشی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
واضح رہے کہ یاسین ملک، جنہیں بھارتی عدالت نے رواں سال 25مئی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، اس وقت نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ انہیں2019کے اوائل میں ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔