جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے
نیویارک 25 ستمبر (کے ایم ایس) پاکستان نے اقوام متحدہ میں جموں و کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قراردینے کا بھارتی دعویٰ سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی مندوب صائمہ سلیم نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے پر قابض ہے جس کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے جمہوری اصول کے مطابق کرنے کی ضرورت ہے جس کی ضمانت سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں دی گئی ہے۔ پاکستانی مندوب صائمہ سلیم نے جواب دینے کا اپنا حق استعمال کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی فرضی کہانیاں گھڑنا اور فرسودہ دلائل کا راگ الاپنا تمام قابض قوتوں کا خاصہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ گھناو¿نے جرائم کے حوالے سے بھارت کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کا نوٹس لے اور اس کو جوابدہ ٹھہرائے۔