ویر ساورکر ملحدتھے،کرناٹک میں غیر مذہبی شخص کے پوسٹر لگانا مضحکہ خیز ہے،اپوزیشن لیڈر کرناٹک اسمبلی
بنگلورو26 اگست (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کرناٹک اسمبلی میں کانگریس پارٹی کے اپوزیشن رہنما بی کے ہری پرساد نے ہندوتوا تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے بانی لیڈر ویر ساورکرکو ملحد قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ایک ‘دیوتا’ کی جگہ پر ایک غیر مذہبی شخص کے پوسٹرلگانا مضحکہ خیزہے۔
ہری پرساد نے ان خیالا ت کا اظہار یک بیان میں ہندو سینا کے کارکنوں کی طرف سے کرناٹک میں ہندوتوا نظریہ دینے والے آر ایس ایس کے بانی لیڈر ویر ساورکر کے پوسٹرلگانے کی مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ‘دیوتا’کی جگہ پر ایک غیر مذہبی شخص کی تصویر لگانا مضحکہ خیز بات ہے اور رام سینا صرف سیاسی مفاد کیلئے یہ مہم چلا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ساورکر ایک ملحد تھے جو کسی بھگوان کو نہیں مانتے تھے اور انہی کی وجہ سے آج بھارت کی یہ حالت ہوئی ہے ۔ ہری پرساد نے کہاکہ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کوبھارت کی یکجہتی اور سا لمیت کی بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں کیونکہ بی جے پی نے زبان، مذہب اورذات پات کے نام پر سیاست کرکے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘جب بھی بی جے پی یاترا نکالتی ہے تو فرقہ وارانہ فسادات ہوتے ہیں۔ کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس ذریعے منقسم لوگوں کو متحد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج ایک دوراہے پر کھڑا ہے۔ جہاں ایک طرف حقیقی محب وطن ہیں تو دوسری طرف سنگھ پریوار کے لوگ فرضی محب وطن کا سرٹیفیکیٹ جاری کر رہے ہیں۔’
واضح رہے کہ کرناٹک میں ہندو انتہا پسند تنظیم ہندو سینا کے سربراہ پرمود متھالک نے حال ہی میںخبردار کیاتھا کہ اگر ریاست میں لگائے گئے آر ایس ایس کے بانی لیڈر ویر ساورکر کے پوسٹروں کوکسی نے چھونے کی بھی کوشش کی تو اس کے ہاتھ کاٹ دیے جائیں گے۔