عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے، پاکستان
اسلام آباد27 اگست (کے ایم ایس)پاکستان نے عالمی برادری سے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی قانون کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کیلئے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے ۔ترجمان نے محمدیاسین ملک سمیت بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظربندی کی بھی مذمت کی ہے، جنہیں گزشتہ روز جمعہ کا خطبہ دینے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ علاقے میں ووٹنگ کا حق دینے کے بھارتی حکام کے مذموم اقدام کو مسترد کیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا انحصار جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل پر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کا مطالبہ کرے۔ترجمان نے بھارت میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور بی جے پے کے ایک اور رہنما کی طرف سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میںگستاخانہ بیان کی مذمت کی ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ تین مہینوں میں یہ دوسرا موقع ہے کہ بی جے پی کے کسی سینئر رہنما نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں اہانت آمیز تبصرہ کیا ہے جو بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیان کی نشاندہی کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بی جے پی ارکان کے خلاف فوری کارروائی کرے ۔
ترجمان نے دہشت گردی سے متعلق بھارت کے حالیہ جھوٹے دعووں کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔