عالمی برادری محکوم کشمیریوں کا ساتھ دے، سیاسی ماہرین
اسلام آباد 27 اگست (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دے جو گزشتہ سات دہائیوں سے بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے بیانات اور انٹرویوز میں کہا کہ ہر آزادی اور انصاف پسند شخص کو مقبوضہ جموںوکشمیر کے محکوم عوام کے لیے آواز اٹھانی چاہیے کیونکہ کشمیریوں کی حمایت میں اٹھنے والی ہر ایک آواز یقینا اپنا اثردکھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت انسانیت کی حمایت ہے ، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے یہ کشمیری عوام کے لیے کھڑے ہونے کا وقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مودی حکومت کو کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل اورمقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدلی سے روکا جائے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو بیدار ہو کر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اپنے دوہرے معیارات سے گریز کرے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے مودی سے کہا کہ وہ یاد رکھیں کہ مقبوضہ علاقے میں ان کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے سنگین نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور ان کے گماشتوں کو کشمیریوں کو دبانے کے لیے وحشیانہ اقدامات پر قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنے وعدوں کا احترام کرے۔