بھارت :بھوپال کے مال میں نماز کی ادائیگی کے خلاف بجرنگ دل کے کارکنان کا احتجاج
بھوپال28اگست(کے ایم ایس)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دار الحکومت بھوپال میںبجرنگ دل کے کارکنوں نے ایک مال کے اندر مسلمانوں کے نماز پڑھنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگریہ عمل نہ روکا گیا تو وہ وہاںہنومان چالیسہ کا بھجن پڑھیں گے۔
بھوپال کے سب سے بڑے مال دینک بھاسکر مال میں پیش آنے والے واقعے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انتہاپسند ہندو تنظیم کے کارکنان نماز پڑھنے والے مسلمانوں پر اعتراض کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔مظاہرین کے مطابق انہوں نے 10 سے 12افراد کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھ لیا۔ احتجاج کی قیادت کرنے والے بجرنگ دل کے مقامی رہنما ابھیجیت سنگھ راجپوت نے کہا ہمیں پچھلے ایک مہینے سے اطلاع مل رہی ہے کہ کچھ لوگ مال کی دوسری منزل پر نماز پڑھ رہے ہیں۔ ہم وہاں پہنچے اور نماز پڑھنے والے 10سے 12لوگوں کی ویڈیو بنائی۔ انہوں نے کہا کہ بجرنگ دل نے مال انتظامیہ کے سامنے اعتراض اٹھایا تھا لیکن کوئی اہلکار موجود نہیں تھا۔ راجپوت نے کہاکہ ہم نے سیکورٹی سپروائزروں سے بات کی اور انہیں خبردار کیا کہ وہ یہ عمل بند کرا دیں ورنہ بجرنگ دل کے ارکان وہاں ہنومان چالیسہ اور سندر کانڈ(رامائن کا ایک حصہ)پڑھیں گے۔ واقعے کے سلسلے میں پولیس کے پاس کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔