فاروق رحمانی کی میر واعظ کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت
اسلام آباد 28 اگست (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق 5 اگست 2019 سے گھر میں نظر بند ہیں جب مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے علاقے کا فوجی محاصرہ کر لیا تھا۔
محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جب میر واعظ عمر فاروق گزشتہ جمعہ کو نماز کی ادائیگی کے لیے اپنے گھر سے باہر آئے تو لیفٹیننٹ گورنر کے اس تازہ ترین بیان کہ میر واعظ نظر بند نہیں ہیں اور وہ کہیں آنے جانے کے لیے آزاد ہیں کے باوجود بھارتی پولیس نے انہیں ڈھٹائی کے ساتھ روکا اور جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی ۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ کو جمعہ کیلئے جامع مسجد جانے سے روکنے کے اس واقعے نے لیفٹیننٹ گورنر کے اس جھوٹ کا پول کھول دیا کہ میر واعظ نظر بند نہیں ہیں۔
محمد فاروق رحمانی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے اور میر واعظ سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر تمام حریت رہنماﺅں ، کاکنوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔