سابق چیف جسٹس نے دفعہ 370کے خلاف درخواستوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا: عمرعبداللہ
سرینگر29اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھارتی عدلیہ پر عدم اعتمادکا اظہارکرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کے سابق چیف جسٹس این وی رمنا دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف درخواستوں کو سنے بغیر ہی ریٹائر ہوگئے۔
عمر عبداللہ نے رواں سال اپریل میںٹویٹر پر بھارتی چیف جسٹس رمنا کے ایک بیان کے بارے میں خبر شیئر کی تھی کہ سپریم کورٹ دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف درخواستوں کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اب وہ بنچ کی تشکیل کے بغیرہی ریٹائر ہو گئے۔ انہوں نے جان بوجھ کر ان درخواستوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔عمر عبداللہ نے کہاکہ کچھ لوگ سوچتے ہیں کہ ان اداروں پر اعتماد کیوں ختم ہو ا ہے،شاید اس کا تعلق سنگین مسائل سے نمٹنے کے طریقہ کا سے ہے۔ بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو آئین دفعہ370کو منسوخ کرکے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور علاقے کو مرکز کے زیر انتظام دوعلاقوں میں تقسیم کر دیاتھا۔اس اقدام کے خلاف بھارتی سپریم میں کئی درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن کو تین سال گزرجانے کے باوجود نہیں سنا گیا۔