بھارت : کرناٹک میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کا خاتون سے گالم گلوچ، پولیس سے پکڑوالیا
بنگلورو03ستمبر(کے ایم ایس)بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں بی جے پی کے رکن اسمبلی اروند لمباولی نے سوال پوچھنے پر ایک خاتون سے گالم گلوچ کیا اورپھر اسے پولیس سے پکروالیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو ئی ہے۔ ویڈیو میں رکن اسمبلی خاتون کے ساتھ گالم گلوچ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ جیسے ہی خاتون نے رکن اسمبلی سے سوال کیا تو وہ چلانے لگے، یہاں تک کہ خاتون کے ہاتھ سے کاغذات بھی چھیننے لگے۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون بنگلورو کے علاقے ورتھور میں بارش کے بعد پیدا ہونے وا لی صورتحال کے بارے میں تحریری شکایت پیش کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ خاتون نے جیسے ہی رکن اسمبلی سے کچھ پوچھا وہ آگ بگولہ ہو گئے اور گالیاں دینا شروع کر دیا۔اس واقعے پربی جے پی کے رکن اسمبلی لمباولی کے خلاف لوگوں میں شدیدغم و غصہ پایا جا تاہے اور وہ اس واقعے کی مذمت کر رہے ہیں۔ متاثرہ خاتوں روتھ ساگے میری نے بتایا کہ انہوں نے وائٹ فیلڈ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران بی جے پی کے رکن اسمبلی لمباولی سے زمین پر قبضے کی بات کی تھی۔انہوں نے کہا رکن اسمبلی نے بار بار مجھے جیل میں بند کرنے کی دھمکی دی جس کے بعد پولیس مجھے گھسیٹ کر لے گئی اور تھانے میں بند کردیا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ حکام1971میں تعمیر ہونے والی ان کی جائیداد کو منہدم کرنے کی کوشش کر ہے ہیں۔ خاتوں نے کہاکہ انہیں رات 10بجے تک تھانے میں رکھاگیا اورفون کال کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ رکن اسمبلی لمباولی نے ان کا ہاتھ بھی کھینچنے کی کوشش کی اور جان سے مارنے اور جیل میں ڈالنے کی بھی دھمکی دی۔