سنیوکت کسان مورچہ 26ستمبر کوبھارتی ارکان پارلیمنٹ کو چارٹر آف ڈیمانڈ بھجوائے گا
نئی دلی 05ستمبر(کے ایم ایس)
بھارت میں کسان تنظیموں کے اتحاد سنیوکت کسان مورچہ کے لیڈروں نے 26ستمبر کواپنے مطالبات کے حوالے سے خط بھارتی ارکان پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کوبھجوانے اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سنیوکت کسان مورچہ کے لیڈروں کے ایک اجلاس میں کسان تحریک کے 10ایجنڈوں اورمودی حکومت کی طرف سے کئے گئے وعدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مورچہ نے 26ستمبر کو ملک بھر کے ارکان پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کو اپنے مطالبات کے حوالے سے خط بھجوانے کا اعلان کیا۔3اکتوبر کو لکھیم پور کے چار کسانوں اور ایک صحافی کی موت کو ایک سال مکمل ہونے پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کو وزارت سے برطرف نہ کئے جانے ، بے قصور کسانوں کی غیر قانونی نظربندی اور متاثرہ خاندان کو مالی مدد اور نوکری دینے کے وعدے پورے نہ کئے جانے کے خلاف احتجاج کیاجائے گا۔اس مظاہرے میں کسان مودی حکومت کاپتلا جلانے اور ارتھی نکالنے کے ذریعے اپنا غصہ ظاہر کریں گے۔ اس کے علاوہ 26نومبر کو تمام ریاستی دارالحکومتوں کے راج بھونوں کے سامنے متنازعہ زرعی قوانین کی منسوخی کے مطالبے کو ایک سال مکمل ہونے پر احتجاج کیا جائے گا۔اجلاس میں کسانوں کے قرضوں کی معافی، زرعی بیمہ اور کسانوں کی پنشن جیسے مطالبات کو بھی چارٹرآف ڈیمانڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔