مقبوضہ کشمیر:فاقہ کشی کے شکار ملازمین نے مودی حکومت کے سب ٹھیک ہے کے دعوے کی قلعی کھول دی
جموں 13 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سب ٹھیک ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے دعوے کے برعکس جموں و کشمیر پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن کے ملازمین اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین نے کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف جموں اور سرینگر کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے انہیں فاقہ کشی کا سامنا ہے ۔
جے کے پی سی سی ورکرز ایسوسی ایشن کے بینر تلے ملازمین کی بڑی تعداد پانامہ چوک، ریل ہیڈ کمپلیکس، جموں کے قریب کارپوریشن کے دفتر کے باہر جمع ہوئی اور انہوں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن متعلقہ حکام ملازمین کی تنخواہیں جاری نہیں کر رہے ہیں۔ ان کامزید کہنا تھا کہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ان کے اہل خانہ کوفاقہ کشی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی اسکول کی فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں اور یہاں تک کہ انہیں اپنی روزمرہ کی ضروریات اور ادویات کے حصول کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔