دفعہ 370کو منسوخی سے کشمیریوں کی نفسیات پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں : تاریگامی
سرینگر17ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا )مارکسسٹ)کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ دفعہ 370کی منسوخی سے کشمیریوں کی نفسیات پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف تاریگامی نے بی جے پی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کے تمام وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں۔بائیں بازو کی جماعت نے بھارت بھر میںمہنگائی، بے روزگاری، محنت کش طبقے اور کسانوں پر حملوں کے خلاف اورعوام کے جمہوری حقوق کے لئے اپنے احتجاجی پروگرام کے تحت پریس کالونی سرینگر میں مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اورانہوں نے عوام دشمن اور جابرانہ پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔ تاریگامی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دفعہ370کی منسوخی کے بعد خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے ، سرمایہ کاری لانے اورمودی حکومت کے دیگر دعوئووں پر سوال اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ بے روزگاری کا گراف اس سطح پر پہنچ چکاہے جہاں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔