بھارت :بی جے پی گوا میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے: راہول گاندھی
نئی دہلی:بھارت میں کانگریس کے سینئر رہنما اورپارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا گوا میں جان بوجھ کرفرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان کا بیان گوا میں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے سابق سربراہ سبھاش ویلنگکر کی طرف سے پادری سینٹ فرانسس زیویئر کے بارے میں دیے گئے بیان کے خلاف شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد سامنے آیا ہے۔راہول گاندھی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی خطرے میں ہے۔بی جے پی جان بوجھ کر فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے اور آر ایس ایس کے ایک سابق رہنما نے عیسائیوں اور ہندوتواتنظیموں کو مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کے لئے اکسایاہے۔ ان کی حکمت عملی واضح ہے کہ گوا کے ماحولیاتی طور پر حساس علاقوں کا استحصال کرتے ہوئے لوگوں کو تقسیم کرو ۔ گواہ میں اس وقت کشیدگی بڑھ گئی جب مقامی لوگ اور سیاسی رہنما ویلنگکر کے بیان کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ مظاہرین نے مقامی پولیس کو ایک یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ویلنگکر کو اس وقت تک ریاست سے نکال دیا جائے جب تک سینٹ فرانسس زیویئر کی یادگار کی دس سالہ نمائش ختم نہیں ہو جاتی۔ یہ اہم تقریب نومبر 2024سے جنوری 2025تک جاری رہے گی۔