بھارت

کیرالہ:عدالت نے سکول میں حجاب پر پابندی کیخلاف احتجاج کرنیوالے 12طلبہ کو جیل بھجوادیا


نئی دلی 27ستمبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کیرالہ کی ایک عدالت نے ضلع کوزی کوڈ کے ایک سکول میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجا ج کرنے پر اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے گرفتار12طلبہ کو 14روزہ عدالتی حراست پر دے دیا ہے ۔
اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ، گرلز اسلامک آرگنائزیشن اور مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ طلباء نے کوزی کوڈ میں پروویڈنس گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کے باہرحجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کیاتھا جہاں 11ویں جماعت کی ایک مسلم طالبہ کو حجاب پر عائد پابندی کی وجہ سے سکول چھوڑنا پڑاتھا ۔ ایس آئی او کے ریاستی سکریٹری راشد وی پی نے میڈیا کو بتایاکہ گرفتار ہونے والوں میں ایس آئی او کی قومی کمیٹی کے رکن محمد سعید، ریاستی کیمپس کے سکریٹری تشریف کے پی، ریاستی کمیٹی کے رکن ایڈووکیٹ رحمن اریکور اور دیگرشامل ہیں۔انہوں نے کہا، گرفتار کی گئی دو خواتین کارکنوں کی آج ضمانت منظورہو گئی ہے ۔طلبہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے راشد نے کہا کہ انصاف کی فراہمی تک حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔طلبہ رہنمائوں پرتعزیرات کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کوزی کوڈ کے پروویڈنس گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کی مسلم طالبہ کو گزشتہ منگل کو اسکول چھوڑنا پڑا تھاجب اسکول حکام نے اسے حجاب پہننے کی اجازت نہیں دی تھی ۔16 سالہ طالبہ نے جسے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا، گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کوزی کوڈ میں داخلہ لیاہے۔داخلے کے وقت طالبہ کو اسکول حکام نے بتایا تھاکہ وہ سکول میںشال یا اسکارف نہیں پہن سکتی کیونکہ یہ اسکول یونیفارم کا حصہ نہیں ہے۔طالبہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ حجاب پہن کر کسی بھی اسکول میں تعلیم حاصل نہیں کر سکے گی۔اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا اور مسلم یوتھ لیگ سمیت مسلم تنظیموں نے اسکول حکام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button