مقبوضہ جموں و کشمیر

کینسر کے مرض میں مبتلا حریت رہنماء کی فوری رہائی کا مطالبہ

سرینگر04اکتوبر (کے ایم ایس)
کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کے حریت رہنمائوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء الطاف احمد شاہ کی گرتی ہوئی صحت گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جو اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا الطاف شاہ کی نئی دلی کی تہاڑ جیل سے رہائی کے لیے فوری مداخلت کرے تاکہ ان کے اہل خانہ بغیر کسی تاخیر کے ان کا مناسب علاج کرا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل اور معاشی دہشت گردی جیسے گھنائونے جرائم میں ملوث ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس دورے کو کشمیر پر قبضے کی مہم قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ اور ان کے مقامی آلہ کاروں کا کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے، ہماری تہذیب، ثقافتی شناخت اور مذہبی اقدار پر حملہ کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں الطاف شاہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ الطاف احمد شاہ طویل نظربندی کے دوران علاج معالجے کی سہولت عدم فراہمی کی وجہ سے متعدد عارضوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح ہزاروں کشمیری نوجوان بی جے پی کی فسطائیت کی وجہ سے بھارت کی مختلف جیلوں میں مسلسل قید ہیں اور ان کے ساتھ غیر انسانی اور ظالمانہ سلوک روا رکھا جارہاہے ۔ فاروق رحمانی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جیلوں اور بدنام زمانہ حراستی مراکز سے قیدتمام سیاسی نظربندوں کی رہائی کے لیے آواز بلند کرے ۔انہوں نے بنے گناہ معصوم اور امن پسند کشمیریوں کے خلاف بھارت کے ریاستی جرائم کو چھپانے کے لیے بھارتی وزیر داخلہ کے کشمیر میں ویشنو دیوی، راجوری اور بارہمولہ کے دورے کی مذمت کی۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کو مسترد کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے ہڑتال کی اپیل کی بھی حمایت کی ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button