امیت شاہ کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کیخلاف مظفر آباد میں بھارت مخالف ریلی،احتجاجی مظاہرے
مظفرآباد05 اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے غیر قانونی طورپرزیرقبضہ جموں وکشمیر کے دورے کے خلاف احتجاج کیلئے آج مظفر آباد میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام لال چوک اپر اڈہ سے برہان وانی شہید چوک تک نکالی گئی ریلی میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ امیت شاہ کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کیخلاف لوگوں نے سیاہ جھنڈے لہرا کر اور بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بینرز، کتبے اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیری عوام نے امیت شاہ کے دورے کو مسترد کردیاہے، بھارت کشمیر کی سرزمین پر اپنی شکست دیکھ رہا ہے، گو انڈیا گو بیک،قاتل ،قاتل مودی قاتل ،قاتل قاتل امت شاہ قاتل”جیسے نعرے درج تھے ۔ انہوں نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ ریلی سے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس مشتاق السلام، حریت رہنما مشتاق احمد بٹ، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید، عثمان علی ہاشم، مہناز قریشی، جاوید احمد مغل، مہاجرین کے رہنمائوں چوہدری محمد مشتاق ، اقبال یاسین اعوان، بلال احمد فاروقی، سید حمزہ شاہین، سماجی رہنما ڈاکٹر محمد منظوراور دیگر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے کہاکہ 5اگست 2019کو بھارتی لوک سبھا میں جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کا بل پیش کرنے والا سفاک شخص آج ہزاروں فوجیوں کے پہرے میں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی حکمرانوں، فوجیوں اور نظام حکومت سے سخت نفرت کرتے ہیں اور اسی لئے انہوں نے امیت شاہ کے دورے کا مکمل بائیکاٹ کیا ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ بھارت کویہ جان لینا چاہیے کہ کشمیری عوام اس کے غاصبانہ قبضے اور فوجی دہشتگردی سے مرعوب نہیں ہوں گے ۔مظاہرین نے اس موقع پر امیت شاہ کا پتلا بھی نظر آتش کیا۔امیت شاہ کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے خلاف آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ باغ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے بھارتی وزیر داخلہ کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور مقبوضہ علاقے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ۔ بھارتی وزیر داخلہ کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے خلاف آزادی کشمیر کے اضلاع حویلی اور کوٹلی میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہرین نے عالمی برداری کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں کی جانب مبذول کرائی ۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔