کوئی حجاب پوش خاتون کسی دن بھارت کی وزیر اعظم بنے گی، اویسی
نئی دلی15 اکتوبر (کے ایم ایس) آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)کے سربراہ اور رکن بھارتی پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا کہ حجا ب پہننا مسلم خواتین کا دستوری حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی حقوق سکول کے گیٹ پر ختم نہیں ہو جاتے ہیں۔
اسدالدین اویسی نے ایک بیان میں کہا کہ جب کسی ہندو ، سکھ اور عیسائی طالب علم کو اپنی مذہبی علامتوں کے ساتھ کلاس میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے اور مسلمان طالب علم کو روک دیا جاتا ہے تو وہ لوگ مسلم طالب علم کے بارے میںکیا سوچتے ہونگے، وہ لوگ یقیناً یہی سوچتے ہونگے کہ مسلمان ہم سے کمتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی دن کوئی حجاب پوش مسلم خاتون بھارت کی وزیر اعظم بنے گی ، میں نے پہلے بھی یہ بات کہی تھی اور دوبارہ کہتاہوں، میری زندگی میں نہ سہی تو میری موت کے بعد ہی سہی کوئی حجاب پوش خاتون اس ملک کی وزیر اعظم ضرور بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا خواب ہے اور اس میں غلط کیا ہے۔
اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ آپ کا کہنا ہے کہ حجاب نہ پہنیں، تو پھر کیا پہنیں، آپ کو بھی پسندیدہ لباس پہننے کا حق حاصل ہے تو پھر آپ یہ کیوں چاہتے ہیں کہ میری بیٹیاں اپنا حجاب نکال دیں اور میں ڈاڑھی نہ رکھوں، آپ یہ کیوں چاہتے ہیں کہ اسلام اور مسلم کلچر میرے ساتھ نہ رہے۔