روسی S-400 دفاعی نظام نے اپنے اواکس طیارے کو نشانہ بناڈالا، خبر نے بھارت پر بجلی گرادی
اسلام آباد:بحیرہ ازوف پر روس کے میزائل دفاعی نظام S-400کی طرف سے غلطی سے اپنے ہی جدید ترین 2 اواکس طیاروںA-50Uکو نشانہ بنائے جانے کی خبر نے مودی کی بھارتی حکومت پر بجلی گرادی ہے جو خطے میں بالادستی کے عزائم کو پورے کرنے کیلئے روس اور دیگر عالمی طاقتوں سے S-400میزائل دفاعی نظام سمیت جدید ترین ہتھیار اور دفاعی نظام حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کررہا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چار انجن والاجدید ترین اواکس طیارہ جس کی قیمت تقریبا 30کروڑ ڈالر ہے کو 400کلومیٹر کے فاصلے تک فضائی نگرانی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔اتوار کوپیش آنے والا یہ واقعہ یوکرین کے ساتھ جنگ میںروس کیلئے اب تک کاسب سے بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے۔ اواکس طیارے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ روسی فضائیہ کے پاس صرف 10 سے 15اواکس A-50طیارے موجود ہیں جن میں سے دو اتوار کو پیش آنیوالے حادثاتی واقعے میں تباہ ہو گئے ہیں ۔ روسی فوجی بلاگرز نے دعویٰ کیا کہ میزائل دفاعی نظامS-400کی بیٹری نے حادثاتی طورپر اپنی فضائیہ کے دو اواکس طیارے کو نشانہ بنایا جس سے دو طیارے تباہ جبکہ تیسرے طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
مندرجہ بالا حادثے کے بعد سیاسی تجزیہ کار میزائل دفاعی نظامS-400کے حصول کی بھارت کی کوششوں پر سوال اٹھارہے ہیں جس کی جدید ٹیکنالوجی کے حامل روس کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔ تجزیہ کاروں نے سوال کیاآیا بھارت ایسی صورتحال کوکنٹرول کرنے کے قابل بھی ہے یانہیں؟ انہوں نے کہاکہ بھارت کیلئے یہ بہتر ہے کہ وہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کوترک کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب تنازعات مذاکرات کے ذریعے پرامن طورپر حل کرے اور ہتھیاروں کی خریداری سے بچنے والی رقم اپنے غریب عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کرے۔