ہندو انتہاپسند تنظیم شیو سینا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حقیقت بے نقاب کردی
ممبئی 17اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ لوگوںکے خلاف کارروائیوں میں ملوث بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حقیقت کسی اور نے نہیں بلکہ بھارت کی اپنی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے بے نقاب کر دی ہے۔
شیو سینا کی رہنما منیشا کییندے نے ایک بیان میں بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو اس بیان پر شدیدتنقید کا نشانہ بنایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو سیاسی ہتھیار کے طورپر استعمال نہیں کیا جارہا ہے اور یہ ایک خودمختار ادارہ ہے۔ منیشا نے کہاکہ وہ لوگوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک مذاق ہے اور نرملا سیتارمن ایک غیر ملک(امریکہ)میں اپنے بیانات کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا سب سے زیادہ غلط استعمال ان ریاستوں میں کیا جا رہا ہے جہاں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے۔ ہر کوئی اسے دیکھ سکتا ہے لیکن نرملا جی نہیں دیکھ سکتیں۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بیانات دینا غلط ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہ مہا وکاس اگھاڑی (MVA) حکومت کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سب سے زیادہ سرگرم تھا۔لیکن جیسے ہی وہاں بی جے پی کی حکومت آئی ایسا لگتا ہے کہ ای ڈی کو اب کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے جس بھی شخص کی تحقیقات کی جارہی ہے اگر وہ بی جے پی میں شامل ہوجاتا ہے تو اس کے خلاف تمام مقدمات ختم کئے جاتے ہیں۔ اس سے قبل اتوار کو بھارتی وزیر خزانہ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے اس بات کی نفی کی تھی کہ اسے سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔