جموں و کشمیر میں انتخابات کے بغیر جمہوریت قائم نہیں ہوسکتی:کرن سنگھ
سرینگر17اکتوبر(کے ایم ایس) کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر کرن سنگھ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوری طورپر اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیاہے۔
کرن سنگھ نے پارٹی کے سرینگر ہیڈکوارٹر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے بغیر جمہوریت کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا، اس لیے یہاں کی تمام جماعتیں فوری طور پر انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم سنتے رہے ہیں کہ انتخابات اگلے سال مارچ میں ہوں گے، لیکن ابھی تک سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اور دیگر پارٹیاں فوری انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہیں۔غیر مقامی ووٹروں کوجموں و کشمیرکی انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس پر ابھی ابہام پایاجاتا ہے اور چیزیں واضح نہیں ہیں اس لیے وہ اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔کرن سنگھ نے کہا کہ حکومت علاقے میں ترقیاتی پیش رفت کے بارے میں دعوے کر رہی ہے لیکن زمینی طور پر اس کے اثرات نظرآنے میں وقت لگ سکتا ہے۔