کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیری نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
”عدم تشدد“ کا عالمی دن محکوم کشمیریوں کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتا، رپورٹ
سرینگر02 اکتو بر(کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوںمیں غیر قانونی طورپر نظر بند آزادی پسند رہنماﺅں اور کارکنوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں فسطائی بھارتی جیل حکام کی طرف سے کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا طبی امداد سمیت بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے کئی نظر بند مختلف عوارض میں مبتلاہیں اور انکی صحت ہرگزرتے دن کے ساتھ بگڑتی جارہی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اگر کسی نظر بند رہنما یا کارکن کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے نتائج کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہو گی۔انہوںنے معروف وکیل اور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر نذیر احمد رونگا کے گھر پر سرینگر میں رات کے وقت بھارتی پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے چھاپے کی مذمت کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںوکشمیر سوشل پیش فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموںوکشمیر مسلم لیگ کے رہنما فاروق احمد توحیدی کے ساتھ سوپور میں ایک ملاقات کے دوران کہا کہ گرفتاریاں اور دیگر بھارتی مظالم حریت رہنماﺅں کو بھارتی غلامی سے آزادی کی جدوجہد ترک کرنے پر مجبور نہیں کرسکتے۔ فاروق توحیدی کو حال ہی میں جیل سے رہا کیا گیا۔
حریت رہنما اور تحریک فکرو اعتقاد کے چیئرمین مولانا سرجان برکاتی کو ایک ماہ سے زائد طویل غیر قانونی نظربندی کے بعد آج رہا کر دیا گیا۔
دریں اثناءکشمیر میڈیا سروس کی طرف سے عدم تشدد کے عالمی دن کے سلسلے میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے اس دن کو منانے کی کوئی اہمیت نہیں ہے کیونکہ وہ بھارت کے جابرانہ فوجی قبضے میں مسلسل تکلیفیں برداشت کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ ماہ ستمبر میں 14 کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں جنوری 1989 سے اب تک95ہزار876 کشمیریوں کو شہید کرچکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دن کو منانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ کشمیریوں کے خلاف جرائم پر بھارت کا محاسبہ کیا جائے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے آج عدم تشدد کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماو¿ں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے مظالم کا نوٹس لیں۔
بھارتی ریاست بہار میں ضلع نواڑا کے علاقے گنگٹی میں ہندو انتہاپسندوں کے ایک ہجوم نے ایک مسلمان نوجوان محمد اذان عمران کو مارمار کر قتل کردیا۔ عمران کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔