کشمیری اپنے شہدا ء کے مشن کوپایہ ء تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں: رپورٹ
اسلام آباد 23اکتوبر (کے ایم ایس)کشمیری عوام کسی کو اپنے شہدا ء کے خون سے غداری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اوروہ شہدا ء کے مشن کوہرصورت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے اور پختہ عزم اور حوصلے کے ساتھ ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ جدوجہد آزادی شہدا ء کے خون سے رقم کی جا رہی ہے اور کشمیری ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ کشمیری عوام اپنے گرم گرم لہو سے آزادی کی شمع کو روشن کرنے پر شہدا ء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری شہدا ء کی قربانیوں کی بدولت ہی جدوجہد آزادی عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن چکی ہے اور یہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی قربانیوں کی حفاظت کریں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی بے گناہ کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو روزانہ کی بنیاد پر شہیدکر رہے ہیں لیکن ان کے جذبہ آزادی کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ کشمیری عوام تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔