کشمیری عوام نے بھارت کے ناجائز قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا : مولوی بشیر
سرینگر24اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہاہے کہ 27اکتوبر تاریخ کشمیر کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے جارحیت کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیاتھا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مولوی بشیراحمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ آج سے 75 سال قبل 27اکتوبر کو بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر کی سر زمین پر اتاریں اور اس پر غیر قانونی،غیر اخلاقی اور جبری قبضہ کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے غیور عوام نے بھارت کے اس ناجائز قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور روز اول سے اس کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا۔انہوں نے کہاکہ اس دن سے لے کر آج تک بھارت نے کشمیریوں پر ظلم وتشدد کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ان سات دہائیوں میں کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا،لیکن بہادر کشمیری قوم نے بھارت کے ظلم کے آگے کبھی ہتھیار نہیں ڈالے اور بھارتی افواج کے ہر ظلم کے آگے ڈٹ کر کھڑے رہے۔حریت رہنمانے کہاکہ اس دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا گیا،ہزاروں کو مختلف عقوبت خانوںمیں تشدد کا نشانہ بناکر معذور بنایا گیا،ہزاروں کو سالہال سال تک نظربند رکھاگیاحتیٰ کہ اکیسویں صدی میں بھی شیر خوار بچوں کو پیلٹ مارکر بینائی سے محروم کر دیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ اس ظلم وستم کے باوجود بھارت تحریک آزادکشمیر کو دبانے میں ناکام رہا۔ اسی لئے مودی حکومت نے 5اگست 2019کودفعہ370اور 35Aکو منسوخ کر کے کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی راہ ہموار کی۔ریاست جموں وکشمیر کا شیرازہ بکھیر کر اس کو دو حصوںمیں تقسیم کردیاگیا اورمتنازعہ ریاست کی حیثیت تبدیل کر کے یہاں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی بنیاد رکھ دی گئی۔ بھارتی حکومت نے غیر ریاستی باشندوں کو 40سے 50لاکھ ڈومسائیل سر ٹیفکیٹ جاری کئے تاکہ ریاست کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدل کر سکے ۔ مولوی بشیر نے کہاکہ اس کے علاوہ کشمیریوں کی منظم نسل کشی شروع کی گئی ۔جعلی مقابلوں میں بے گناہ نوجوان کو دن دھاڑے قتل کیا جارہا ہے اور ماورائے عدالت قتل،خواتین کی بے حرمتی،جبری گمشدگیاں ،املاک کی تباہی،حریت رہنمائوں، کارکنوں اور صحافیوںکی گرفتاریاں اور اظہار رائے پر سخت پابندیاں اب بھی جارہی ہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ نو شتہ دیوار پڑھ لے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرے۔