پلوامہ حملے کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ پر بنگلوروکے مسلم طالبعلم کو 5سال قید کی سزا
بنگلورو یکم نومبر (کے ایم ایس)
مودی کی زیرقیادت بھارت میں آزادی اظہاررائے پر قدغن کے ایک اور واقعے میں بنگلورو کرناٹک کی ایک خصوصی عدالت نے پلوامہ حملے کے بارے میں مبینہ طور پر سوشل میڈیاپر ایک پوسٹ کرنے پر انجینئرنگ کے ایک مسلم طالب علم کو پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے ۔
سینٹرل کرائم برانچ نے میڈیا کو بتایا ہے کہا کہ بنگلورو کے علاقے کچراکنہلی کے رہائشی فیض رشید فروری 2019 میں ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد سے جیل میں قیدہیں۔ انجینئرنگ کے تیسرے سمسٹر کے طالب علم فیض رشید کو 14فروری 2019کو مبینہ طور پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایک حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 40جوانوں کی ہلاکتوں سے متعلق ان کی فیس بک پوسٹوں کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس نے طالب علم کا فون ضبط کر لیاتھا اور اس کی فرانزک سائنس لیبارٹری سے اس کی تحقیقات کرائی گئی تھی۔ طالب علم کے خلاف دائر چارج شیٹ میںتعزیرات ہند کی دفعہ 153A،124A غداری اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کی دفعہ 13کے تحت الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔سی آر پی ایف کے قافلے پر حملہ 14فروری 2019کو ضلع پلوامہ میں ہوا تھا جس میں 40اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔