اخلاقی پستی کا ایک اور مظاہرہ، مودی حکومت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر پر بھارتی جھنڈا لہرا دیا
سرینگر03 اگست (کے ایم ایس)نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے جموںوکشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی پوری قیادت کو جیلوںمیں ڈال رکھا ہے ۔ فرقہ پرست حکومت نے اب قانونی و اخلاقی پستی ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ آفس پر بھارتی جھنڈا زبردستی لہرادیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کے گیٹ پر بھارتی جھنڈا مودی حکومت کے حکم پر سندیپ ماوا کی سربراہی میں ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروہ نے بی جے پی کی طرف سے شروع کی گئی”ہر گھر ترنگا“‘مہم کے طور پر لہرایا۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو سوشل میڈیا اکاو¿نٹس پر اپنی پروفائل تصویر کو ترنگا میں تبدیل کیا اور شہریوں سے بھی ایسا کرنے کی اپیل کی۔مودی نے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کو تقویت دینے کے لیے لوگوں سے 13 سے 15 اگست کے درمیان اپنے اپنے گھروں بھارتی ترنگا لہرانے کی اپیل کی۔
سیاسی تجزیہ کاروں نے مودی کی ہر گھر ترنگا مہم کے تحت کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ آفس پر زبردستی جھنڈا لہرانے کے عمل کو ایک انتہائی بھونڈا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے دفاتر اور گھروں پر قبضہ تو کر سکتی ہے لیکن ان کے دل و دماغ نہیں جیت سکتی۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام ہربرس بھارتی یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ وہ اپنے مادر وطن پر اسکے ناجائز تسلط کو تسلیم نہیں کرتے۔